بھٹکل:14؍نومبر (ایس اؤ نیوز) تعلقہ بھر میں انتظامیہ کی جانب سے 9اگست2021 سے 13جنوری 2022تک ووٹر لسٹ کی تجدیدکاری کی مہم جاری ہے ، اس کے تحت ووٹر لسٹ میں ناموں کا اندراج، اخراج، ترمیم، تبدیل اور تصدیق کی جارہی ہے۔ مہم کے دوران ہرا توار کو خصوصی طورپر متعلقہ مراکز پر رائے دہندگان کی فہرست کو شفاف بنانے کا کام کیا جارہاہے۔ اس سلسلے میں عوام سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ پولنگ بوتھ پہنچ کر اپنےنام کی تصدیق ، ترمیم ، اندراج ، اخراج وغیرہ ہوں تو اس کی تصحیح کرلیں۔
انتظامیہ کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق 7اور14نومبر کو یہ خصوصی رجسٹریشن ابھیان منایاگیا ۔ 14نومبر بروز اتوار کو بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی نے مختلف پولنگ بوتھ یعنی مہم مراکز پہنچ کر معائنہ کیا۔ اسی طرح جب وہ مخدوم کالونی کے اردو اسکول میں واقع پولنگ بوتھ 208اور209پرپہنچیں تو وہاں 209پولنگ بوتھ میں صرف ایک ہی عملہ تھا جب کہ 208میں کوئی عملہ نہیں تھا۔ وہیں سے اے سی نے متعلقہ عملےکو فون پر گرم کرتےہوئےکہاکہ دئیے گئے کاموں کو وقت پر انجام نہیں دیاگیا تو کیسے چلے گا۔ اس موقع پر وہاں موجود مخدوم کالونی جماعت المسلمین بھٹکل کے صدر صادق مٹا، میونسپالٹی ممبر اسماعیل امشادمختصر اور صادق مکری نے عملہ کی غیر حاضری پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے پوچھا کہ پولنگ بوتھ پر بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں لیکن عملہ ہی نہیں تو کام کیسے ہوگا۔ اس پر اے سی نے انہیں تیقن دیا کہ وہ اس کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ٹھیک کریں گی۔
عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے متعلقہ سیوا کیندر، ووٹرس رجسٹریشن آفس ، پولنگ بوتھ افسر پہنچ کر گھر کے نئے افراد جن کی عمر 18سال ہوچکی ہے ان کے ناموں کا اندراج، جن کی موت ہوئی ہے تو ان کا اخراج، نام، پتہ وغیرہ کی تصحیح ، محلہ، شہر وغیرہ بدل لئے ہیں تو اس کی جانکاری دے کر ووٹر س اپنا کام کروا سکتےہیں۔ عوام جب بھی پولنگ بوتھ یا کسی مرکز پہنچیں تو برتھ سرٹیفکٹ، ایس ایس ایل سی مارکس کارڈ، پاسپورٹ، پان کارڈ ، ڈرائیونگ لائسنس، بینک پاس بک (تصویر والی ) کو ساتھ میں رکھیں۔
عوام آن لائن موبائیل ایپ ’’متدارر سہائے وانی ‘‘۔ نیا این وی ایس پورٹل www.nvsp.in اور www.voterportal.eci.gov.in پر وزٹ کرتےہوئے ووٹرلسٹ میں اپنےنام وغیرہ کی جانچ کرکے تصدیق کرسکتےہیں۔